11:09 am
صوبائی حکومت قراقرم ہائی وے پر تیز رفتاری کے باعث قیمتی انسانی جانوں ..

صوبائی حکومت قراقرم ہائی وے پر تیز رفتاری کے باعث قیمتی انسانی جانوں ..

11:09 am


گلگت ۔: وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت اپنے وسائل سے قراقرم ہائی وے پر تیز رفتاری کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے نقصان کو روکنے کیلئے فٹ پاتھ اور گریل کی تعمیر کیلئے فنڈز فراہم کرے گی۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے پڑی بنگلہ میں شاہراہ قراقرم پر کوسٹر کے ٹکرسے راہگیر امیر حسین ولد شیر اعظم کے لواحقین سے فاتحہ خوانی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
 
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے پولیس کے افسران کو ہدایت کی کہ شاہراہ قراقرم میں آبادی والے مقامات پر ٹریفک کی حد رفتار متعین کریں اور اس پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ حد رفتار کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیوروں کیخلاف کارروائی کی جائے۔انہوں نے علمائے کرام، سول سوسائٹی اور اساتذہ کو بھی کہا کہ ٹریفک سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔خصوصاً سکولوں میں طالب علموں کیلئے روڈ کراس کرنے اور ٹریفک حادثات سے بچنے کیلئے آگاہی پیدا کرنے کیلئے سیشنز منعقد کریں۔ بعدازاں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے جگلوٹ گرلز ہائی سکول کے تعمیراتی کام کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے تعمیراتی کام کی سست روی کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ تعمیرات کے آفسران کو ہدایت کی ہے کہ جگلوٹ گرلز ہائی سکول کے تعمیراتی کام میں تیزی لائی جائے اور منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔انہوں نے جگلوٹ ڈروٹ میں بجلی بحران کا نوٹس لیتے ہوئے ایکسین پاور کو ہدایت کی کہ فوری طور پر جگلوٹ ڈروٹ میں بجلی کے بحران کو دور کرنے کیلئے اقدامات کریں اور کمپلین سنٹر کو فعال کریں۔ انہوں نے جگلوٹ دورے کے موقع پر عوام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے دور دراز علاقوں کے صحت کے مراکز اور ہسپتالوں میں بھرپور وسائل فراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے ہیں۔سپیشل پے سکیل کے تحت ہسپتالوں میں سٹاف کی کمی دور کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے محکمہ صحت کے متعلقہ آفیسران کو ہدایت کی کہ جگلوٹ جیسے دور دراز علاقوں میں موبائل ہسپتال کیمپ کا انعقاد کیا جائے۔ انہوں نے جگلوٹ دورے کے موقع پر سکول نہ جانے والے بچے کی نشاندہی پر اسسٹنٹ کمشنر جگلوٹ کو ہدایت کی کہ بچے کو فوری طور پر سکول میں داخل کرایا جائے۔انہوں نے سرکاری سکولوں میں طالب علموں سے 100 روپے فیس ماہانہ وصول کرنے کی شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ تعلیم کے آفیسران کو ہدایت کی کہ صوبائی حکومت نے سرکاری سکولوں میں زیر تعلیم طالب علموں کیلئے میٹرک تک مفت تعلیم کی فراہمی یقینی بنائی ہے۔ طالب علموں کو مفت کتابیں فراہم کی جارہی ہے لہٰذا سرکاری سکولوں میں زیر تعلیم طالب علموں سے فیس کی وصولی نہیں کی جائے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے محکمہ سیاحت کی جانب سے سیاحوں کی سہولت کیلئے تعمیر کئے جانے والے پکنک پوائنٹ کا بھی معائنہ کیا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے جگلوٹ مین چوک کی تزین و آرائش کا بھی معائنہ کیا، اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر جگلوٹ کو ہدایت کی کہ اشیائے خوردنوش کے حوالے سے انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ نرخ نامے پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔

تازہ ترین خبریں