06:38 am
مریم نواز کو شکر گزارہونا چاہئیے کہ انہیں گرفتار کر لیا گیا

مریم نواز کو شکر گزارہونا چاہئیے کہ انہیں گرفتار کر لیا گیا

06:38 am

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کو گذشتہ روز کوٹ لکھپت جیل کے باہر سے حراست میں لیا گیا تھا جس کے بعد ان کی گرفتاری پر شدید احتجاج کیا گیا جبکہ کچھ صحافیوں نے بھی مریم نواز کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ اس موقع پر دفاعی تجزیہ کار زید حامد نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں مریم نواز کی گرفتاری کے حوالے سے ایک نیا پنڈورا باکس کھول دیا۔ زید حامد نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ میں آپ کو اندر کی ایک بات بتاتا ہوں۔
مریم نواز کو ان کی جان کی حفاظت کے لیے گرفتار کیا گیا ہے۔ ان کی جان کو بھارتی ایجنسی سے خطرہ ہے جنہوں نے بے نظیر کی طرح مریم نواز کو ایک سیاسی ریلی میں قتل کرنے کی منصوبہ بندی کی تھی تاکہ اس قتل کا الزام پاک فوج پر عائد ہو سکے۔ اور اس کے نتیجے میں ملک میں ایک ہیجان کی سی صورتحال پیدا ہو جائے گی۔ مریم نواز کو اپنی گرفتاری پر شکرگزار ہونا چاہئیے۔ انہوں نے ایک اور ٹویٹر پیغام میں کہا کہ اپنی تمام زندگی مسلم لیگ ن اور شریف خاندان نے بھارت کے مفاد میں کام کیا اور پاکستان کو بھارتی خفیہ ایجنسی را کے سامنے بیچ ڈالا۔ اب اُسی را ایجنسی نے انہیں ٹشو پیپر کی طرح استعمال کر کے پھینک دیا ہے اور پاک آرمی کے خلاف اپنی جنگ میں مریم نواز کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کر رکھی ہے۔ زید حامد نے مزید کہا کہ اس منصوبہ بندی کا علم ہو چکا تھا اور حکومت نے مریم نواز کی حفاظت کے لیے یہ اقدام کیا۔ خیال رہے کہ مریم نواز کو نیب نے گذشتہ روز گرفتار کیا جس کے بعد مریم نواز کو سب جیل قرار دیے جانے والے نیب کے ڈے کئیر سینٹر میں رکھا گیا تھا۔ نیب کی ٹیم آج مریم نواز کو عدالت کے سامنے پیش کر کے ان کا ریمانڈ حاصل کرے گی۔