09:18 am
کشمیریوں نے اپنا حق ادا کر دیا ہے،اب نظریں پاکستان پر ہیں کہ پاکستانی اپنے بھائیوں کے لیے کیا کرتے ہیں؟

کشمیریوں نے اپنا حق ادا کر دیا ہے،اب نظریں پاکستان پر ہیں کہ پاکستانی اپنے بھائیوں کے لیے کیا کرتے ہیں؟

09:18 am

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا سینٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ کشمیر پر پاک بھارت جنگ پوری دنیا کے لیے خطرناک اور اس کی تپش پوری دنیا میں محسوس ہوگی ۔ کشمیر یوں نے اپنے جدوجہد کا حق ادا کردیا ہے اب پاکستان کی باری ہے ۔ پاکستان کشمیر کے آزادی کا روڈ میپ دیں اور عملی اقدامات اٹھائیں ۔ حکومت بھارت کے لیے اپنا ہوائی راستہ بندکریں ۔
اسلام آباد میں بھارتی سفارت خانے کو تالہ لگا کر سفارتی تعلقات ختم کریں ۔ کشمیریوں کی نظریں پاکستان پر ہے ۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیر پاکستانیوں کے رگوں میںخون کی طرح شامل ہے ۔پشاور پریس کلب میںپریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹرم مشتاق احمدخان نے کہاکہ کشمیر ہماری لیے زندگی و مو ت کامسئلہ ہے ۔ پاکستان کی ناکام خارجہ پالیسی کی وجہ سے بین الاقوامی سطح پر کشمیر کے لیے بھرپور مذمتی آواز نہیں اٹھی ۔اقوام متحدہ میںکشمیر یوں کے حق میںقراردادیں ، بین الاقوامی قوانین ، انسانی حقوق کی تنظیموں کی رپورٹس موجود ہیں لیکن حکومت کی ناکام خارجہ پالیسیوں کی وجہ سے اس کو کمزور کیا جارہا ہے ۔حکومت کی کارکردگی اور رویے سے کئی اختلاف ہیں لیکن مسئلہ کشمیر پر پوری قوم یک جان اور یک آواز ہے ۔ قومی قیادت کشمیرپالیسی پر دو ٹوک موقف اختیار کرے اور سفارتی محاذ پر موثر ، زور دار اور برق رفتار سفارتکاری کی جائے ۔کشمیر سے متعلق خارجہ پالیسیوں کو ازسر نو ترتیب دیں ۔ جماعت اسلامی 25 اگست کو پشاور میں عظیم الشان کشمیر عوامی مارچ منعقد کرے گی جس کی قیادت کشمیری لیڈرشپ اور امیر جماعت اسلامی پاکستان سینٹر سراج الحق کریں گے ۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی پشاور عتیق الرحمن ، جنرل سیکرٹری کفایت احمد ، نائب امیر حاجی اسلم ، صوبائی سیکرٹری اطلاعات صہیب الدین کاکا خیل، حافظ حمید اللہ ، جے آئی یوتھ کے صدر نور غلام ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری سمیع اللہ ترابی اور دیگر قائدین بھی موجود تھے ۔ سینٹر مشتاق احمد خان نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہندوستان نے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے شملہ معاہدے کو ختم کردیا ہے ۔عید کے دنوں میںکرفیولگایا گیا جس کی وجہ سے غذائی قلت اور ادویات کی کمی پید ا ہوگئی ہے اور یہ بڑے سانحے کا سبب بن سکتا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ چھوٹے سے علاقے میںنو لاکھ فوج تعینات کر کے وادی کشمیر کو فوجی چھائونی میں تبدیل کردیا گیا ہے اور ہر گھر کے سامنے ایک فوج کھڑ اکیا گیا ہے ۔ پاکستانی عوام کو اس پر تشویش ہے کیونکہ ہر پاکستانی کا دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتا ہے ۔انہوںنے کہاکہ ہندوستان نے خود شملہ معاہدہ توڑ دیاہے اب حکومت بھی اس معاہدے کو مودی کے منہ پر مارے،حکومت نے بھارت کے ہائی کمشنرکو نکالنے اور تجارت ختم کرنے کے اچھے اقدام کیے ہیں مگر یہ ابھی ناکافی ہیں،مزید اقدمات کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوںنے کہاکہ سید علی گیلانی ،میر واعظ عمر فاروق ،یاسین ملک ،شبیر شاہ ،آسیہ اندرابی اور پوری قوم کو پیغام دیتا ہوںکہ آزاد ی ٴ کشمیر تک آپ کے ساتھ ہیں آپ کو تنہانہیں چھوڑیںگے،پوری پاکستانی قوم آپ کے ساتھ ہے ۔ انہوںنے کہاکہ کشمیریوں کی لازوال قربانیاں رنگ لائیں گی ۔ پاکیزہ خون آزادی کی منزل حاصل کرے گا ۔ نریندر مودی کے اقدامات بھارت کو بڑی تباہی کی طرف لے جائیں گے ۔ مشتاق احمد خان نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی نے فیصلہ کیاہے کہ وہ کراچی سے چترال تک کشمیرعوامی مہم چلائے گی،پاکستان کے عوام کو بیدار کریںگے۔25 اگست کو پشاور میں عظیم الشان کشمیر عوامی مارچ ہوگی ۔

تازہ ترین خبریں