12:57 pm
 کشمیر کے موقف سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں  ہٹیں گے،ٹرمپ کو نسل کشی سے آگاہ کر دیا ،عمران خان

کشمیر کے موقف سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے،ٹرمپ کو نسل کشی سے آگاہ کر دیا ،عمران خان

12:57 pm

اسلام آباد(آن لائن) وزیر اعظم عمران خان سے بابر اعوان نے ملاقات کی جس میں کشمیر سے متعلق صورت حال اور قانونی معاملات پر مشاورت کی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کے روز وزیر اعظم عمران خان سے بابر اعوان نے وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی ۔ جس میں قانونی معاملات سمیت ملک کی مجموعی صورت حال اور کشمیر سے متعلق عالمی صورت حال پر مشاورت کی گئی ۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان میں اقوام متحدہ میں کشمیر کا مقدمہ بہترین انداز میں پیش کیا ہے ۔ دنیا کشمیر کے معاملے پر پاکستان کا موقف سن اور سمجھ رہی ہے ۔
کشمیر کے حوالے سے پاکستان سفارتی محاذ پر درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے ۔ عمران خان نے کہا کہ سنگین معاملے پر دوست ممالک کی حمایت پر شکرگزار ہیں ۔ امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ سے گزشتہ روز تفصیلی بات 12 منٹ تک ہوئی ۔ امریکی صدر بھی معاملے کا بغور جائزہ لے رہے ہیں ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو ، کریک ڈاؤن اور ممکنہ نسل کشی کے خدشے سے بھی ڈونلڈٹرمپ کو آگاہ کیا اور بتایا کہ کشمیر کے معاملے پر پاکستان دوٹوک موقف سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے گا ۔ کشمیر عالمی سطح پر متنازعہ ہے بھارت یکطرفہ فیصلہ نہیں کر سکتا ۔ بابر اعوان نے بھی کشمیر کاز کے لئے وزیر اعظم کے دلیرانہ اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ نے مودی کو بے نقاب کر کے عالم اسلام کی نبض پر ہاتھ رکھا ہے ۔ اقوام متحدہ میں بھارت کے بیانیے کو شکست ہوئی ہے