06:00 am
ہم زلزلہ متاثرین کی مدد کرنا چاہتے ہیں

ہم زلزلہ متاثرین کی مدد کرنا چاہتے ہیں

06:00 am

میرپور(نیوز ڈیسک) پاکستان میں گذشتہ روز آنے والے زلزلے سے سب سے زیادہ نقصان میر پور جاتلاں میں ہوا۔ زلزلے کے باعث ہونے والے نقصانات اور لوگوں کے بے گھر ہونے کے پیش نظر جاپان نے پاکستان کو مدد کی پیشکش کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق جاپان نے زلزلہ متاثرین کی مدد کے لیے پاکستان کو پیشکش کی جس پر چئیرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے شکریہ ادا کیا۔نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کےچیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل سے جاپانی سفیر کا فون پر رابطہ ہوا۔ جاپانی سفیر نے گذشتہ روز زلزلے کے باعث ہونے والے نقصان پر اظہار افسوس کیا
اور زلزلہ متاثرین کے لیے امداد کی پیشکش کی جس پر چئیرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے جاپانی سفیر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ابھی ہم نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔بیرونی امداد کی ضرورت پیش آئی تو آگاہ کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ گذشتہ روز آزادکشمیر اور پنجاب کے اکثر علاقوں میں آنے والے زلزلے سے 33 افراد جاں بحق اور 600 سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے۔ سہ پہر 4 بج کر 2 منٹ پر آنے والے زلزلے سے سب سے زیادہ تباہی آزاد کشمیر میں ہوئی۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.8 ریکارڈ کی گئی اور اس کا مرکز جہلم سے 5 کلو میٹر شمال ، گہرائی زیر زمین 9 کلو میٹر تھی ۔میرپور آزاد کشمیر میں گذشتہ روز آنے والے زلزلے کے بعد آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے۔ آج صبح ساڑھے 9 بجے 3.2 شدت کے آفٹر شاکس محسوس کیے گئے جس سے لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔ حکومت آزاد کشمیر نے میرپور زلزلہ کے باعث آج ضلع میرپور کے تمام سرکاری و پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں عام تعطیل کا اعلان کیا ۔آزاد کشمیر کے علاقہ میر پور میں تعلیمی ادارے دو روز کے لیے بند رہیں گے۔ مقامی انتظامیہ کے مطابق تعلیمی اداروں میں چھٹی کا فیصلہ آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے بعد آنے والے آفٹر شاکس کے باعث کیا گیا ۔