02:41 pm
پاکستان کاافغانستان کی درخواست پر سرحدی کراسنگ کھولنے کا فیصلہ

پاکستان کاافغانستان کی درخواست پر سرحدی کراسنگ کھولنے کا فیصلہ

02:41 pm

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان نے افغانستان کی درخواست پر بارڈر پر کراسنگ پوائنٹس کھولنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ گذشتہ رات افغان وزارت دفاع نے انتہائی مختصر نوٹس پر پاکستان سے صدارتی انتخاب کے دوران آج بارڈر کراسنگز کھولنے کی درخواست کی تھی۔دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سرحد پر سکیورٹی مسائل کے باوجود پاکستان اپنے افغان بھائیوں کی حمایت جاری رکھے گا
۔ لہٰذا پاکستان نے پاک –افغان سرحد پر افغان شہریوں کو نقل و حرکت کی سہولت فراہم کرنے کے لیے اہم سرحدی گزرگاہیں کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دفتر خارجہ پاکستان کے بیان کے مطابق مذکورہ اجازت اس لیے دی گئی ہے تاکہ افغان شہری صدارتی انتخاب کے دوران ووٹ دینے کا حق استعمال کرسکیں۔واضح رہے کہ افغانستان میں امریکہ - طالبان امن عمل معطل ہونے کے کچھ ہفتوں بعد صدارتی انتخاب کے لیے پولنگ جاری ہے اور اس دوران طالبان کی جانب سے حملوں کا خطرہ موجود ہے۔ دو روز قبل پاکستان نے افغانستان میں صدارتی انتخاب کے دوران سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر 27 اور 28 ستمبر کو پاک-افغان بارڈرز بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ فیصلہ افغانستان میں الیکشن اور انتقال اقتدار کے شفاف عمل کو مد نظر رکھ کر کیا گیا۔جبکہ پاک افغان بارڈرپر 26 سے 29ستمبر تک تجارت کے لیے آنے والوں کی سخت چیکنگ کی جائے گی۔ تمام کارگوٹرمینل اور پیسج وے 27 اور 28 ستمبر کو بند ہوں گے۔ مذکورہ پابندی ایمرجنسی مریضوں کے علاوہ سرحد پار کسی بھی قسم کی نقل و حرکت پر عائد ہونا تھی۔ تاہم افغانستان کی درخواست پر اب بارڈر پر کراسنگ پوائنٹس کھولنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔