05:43 pm
آزادی مارچ کا راستہ روکنے والے ناکام ہو ں گے، حافظ حسین احمد

آزادی مارچ کا راستہ روکنے والے ناکام ہو ں گے، حافظ حسین احمد

05:43 pm

کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سیکرٹری اطلاعات حافظ حسین احمد نے کہا کہ علی امین گنڈاپور عرف شہد والی سرکار نے مولانا فضل الرحمن کو15دن کا نوٹس بھیجا ہے کہ اگر وہ 15دن میں آزادی مارچ کا ارادہ ترک کرتے ہیں تو وہ محب وطن بھی ہیں اور ان کے خلاف کوئی کیس نہیں اور اگر وہ استقامت کے ساتھ اپنے پروگرام کے مطابق جھرلو زدہ حکومت کے خلاف میدان میں نکلتے ہیں تو وہ غدار بھی قرار پاتے ہیں اور ملک دشمن بھی۔
انہوں نے کہا کہ اسی طرح صوبے خیبرپختونخواہ کے نام نہاد وزیر اعلی محمود خان کی گیدڑ بھبکیاں جے یو آئی کے جیالوں کا راستہ نہیں روک سکتی، ایک سوال کہ محمود خان نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن چاہتے ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان کا نام اسلام آباد رکھ دیں گے پر حافظ حسین احمد نے کہا کہ اس کے بجائے ہم وزیر اعلی کو مشورہ دیتے ہیں کہ وہ اپنے آبائی علاقہ مٹہ سوات کا نام پشاور رکھ دیں کیوں کہ یہ سورما اس دن مٹہ سوات کے گھر سے بھی نہیں نکل سکتے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے ترجمانوں کی گالم گلوچ برگیڈ دلائل اور شائستگی کے ساتھ ضرور ہماری مخالف کریں لیکن وہ جو زبان اور انداز استعمال کررہے ہیں ہمارے لیے ترکی بہ ترکی جواب دینا اس لیے ممکن نہیں کہ ہماری تربیت ان کے جیسی نہیں ہے لیکن تھوڑا تڑکا لگانے کے لیے بھی ہم مجبور ہیں۔