03:50 pm
فضل الرحمان کے جلسے میں تقریر کیوں کی ،حامد میر کی وضاحت

فضل الرحمان کے جلسے میں تقریر کیوں کی ،حامد میر کی وضاحت

03:50 pm

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)سینئر ملکی صحافی اور تجزیہ کار حامدمیر کی مولانا فضل الرحمان کے جلسے کے دوران تقریر نےگزشتہ دو دنوں میں کئی لوگوں کے ذہنوں میں سوالات کو جنم دیا جس کے بعد اینکرمحمد مالک نے پروگرام کے دوران حامد میر سے اس تقریر کی وجہ پوچھ لی۔ نجی ٹی وی چینل کےپروگرام کے دوران دلچسپ انداز میں سوال کرتے ہوئے محمد مالک نےپوچھا کہ میرصاحب! آپ نے کس کیپسٹی میں یہ تقریر ٹھوکی۔اس پر حامد میر نےاس سوال کے اس انداز کا قدرے جارحیت سے جواب دیا
کہ جس طرح آپ نے کہا کہ میں نے تقریر ٹھوکی تو یہ آپ کی وجہ سے ہی ٹھوکی۔ آپ نے ٹویٹ کی تھی کہ دو خواتین رپوٹرز کو جلسے کے دوران بڑ ی سختی کے ساتھ روکا گیا۔اس کے بعد مجھے نیشنل پریس کلب سے فون آیا کہ جیونیوز کی خاتون رپورٹ نوشین یوسف سمیت کئی خواتین رپورٹرز کو جلسے کی کوریج سےآزادی مارچ کےمنتظمین نے روکنے کی کوشش کی۔ اور مجھے کہا گیاکہ جا کر مسئلہ حل کروائیں۔میں اس جگہ گیا اور جاکر مولانافضل الرحمان کو پیغام بھجوایا کہ خواتین رپورٹرز کے ساتھ جو مسئلہ پیش آرہا ہے اسے حل کروایا جائے۔یہ پیغام غفور حیدری کو پہنچا دیا گیا جنھوںنے مجھے سٹیج پر بلوا کر کہا کہ آپ خود اعلان کریں کہ خواتین رپورٹرز کو مکمل طور پر کوریج کی آزادی ہے۔اس پر میں نے سٹیج پر جا کر صرف یہ بات کہی کہ خواتین صحافیوں کے ساتھ جو واقعہ پیش آیا وہ بالکل غلط تھا۔اگر حکومت بھی ہم پر پابندیاں لگائے گی اور اپوزیشن بھی پابندیاں لگائے گی تو ہم کہاں جائیں گے۔ اور جب بھی آزادی صحافت پر پابندیاں لگانے کی کوشش کی جائے گی میں ضرور اس کے خلاف آواز اٹھائوںگا۔اس پر محمد مالک نے انھیں چھیڑتے ہوئے کہا کہ اچھا بس کریں نا اب وہی تقریر یہاں نہ شروع کردیں ،آپ کو مائیک دے دیا جائے تو جذباتی ہی ہوجاتے ہیں ۔اس پرپروگرام میں شریک کاشف عباسی بھی ہنسنے لگے۔حامد میر جو پہلے ہی خاصے برہم تھے ، مزید کچھ کہناچاہتے تھے لیکن محمد مالک نے موضوع بدل دیا۔