11:02 am
پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کس منہ سے وفاقی حکومت کی نااہلیوں پر بات ..

پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کس منہ سے وفاقی حکومت کی نااہلیوں پر بات ..

11:02 am

کراچی : چیئرمین پاک سرزمین پارٹی سید مصطفی کمال نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کس منہ سے وفاقی حکومت کی نااہلیوں پر بات کر رہی ہے جبکہ سندھ میں لگاتار تیسری حکومت ہونے کے باوجود کراچی سے کشمور تک سندھ تباہی اور بربادی کی داستان پیش کررہا ہے۔یہاں لوگ کتوں کے کاٹنے سے مر رہے ہیں، لوگوں کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں، تھر میں آج بھی پانی اور خوراک کی عدم دستیابی کی وجہ سے اموات جاری ہیں، ایڈز اور ڈینگی نے ہزاروں زندگیاں نگل لیں، اسپتال تباہ حال ہیں۔
بچی ہوئی نسل کو تعلیم کی سہولیات حاصل نہیں، لاکھوں بچے اسکولوں سے باہر ہیں اور جو اسکولوں میں جا بھی رہے ہیں ان کو معیاری تعلیم میسر نہیں ہے۔ پاک سر زمین پارٹی پاکستان کی وہ واحد جماعت ہے جو ان مسائل کو حل کرنا جانتی ہے۔مصطفی کمال نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ٹرین سانحہ میں جو شہید ہوگئے ہیں انکے لواحقین کو تو صبر آجائے گا لیکن لاپتہ افراد کے ورثا اب تک اپنے پیاروں کی معلومات کے لیے در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔حکومت ہنگامی بنیادوں پر ٹرین حادثے میں لاپتہ افراد کے اہل خانہ کے لیے آسانیاں پیدا کرے اور اس قومی سانحے پر سنجیدگی کا مظاہرہ کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تاج کالونی یوسی 29 ڈسٹرکٹ کورنگی کا افتتاح کرتے ہوئے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی بدقسمتی یہ ہے کہ وفاقی حکومت کی اس کی جانب کوئی توجہ نہیں جبکہ صوبائی حکومت یہ سمجھتی ہے کہ وہ کام کرے یا نہ کرے حکومت اسی کی رہے گی۔ان حالات میں سندھ بھر کی عوام کو اپنی آنے والی نسلوں کی بقا کے لئے فیصلہ کرنا ہوگا اور حکمرانوں کو یہ واضح پیغام دے دیا ہے کہ اب انہیں مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ہمیں ہماری نسلیں کسی سیاسی وابستگی سے زیادہ پیاری ہیں۔ اب سندھ کے لوگ کارکردگی دیکھ کر اپنے نمائندوں کو منتخب کریں تاکہ سندھ کا تشخص پہلے کی طرح دنیا بھر میں بحال ہو۔

تازہ ترین خبریں