02:34 pm
عثمان بزدار کا زبردست اقدام، پنجاب میں مریضوں کو علاج کی بروقت فراہمی کیلئے ہیلی کاپٹر سروس شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا

عثمان بزدار کا زبردست اقدام، پنجاب میں مریضوں کو علاج کی بروقت فراہمی کیلئے ہیلی کاپٹر سروس شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا

02:34 pm

لاہور (نیوز ڈیسک)پنجاب حکومت نے مریضوں کو علاج کی بروقت فراہمی اور ریسکیو سروس کو مزید موثر بنانے کیلئے ہیلی کاپٹر سروس شروع کرنے کی تجویز پر کام پر شروع کر دیا ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان کی طرف سے متعلقہ محکمے کو تجویز دی گئی ہے کہ تمام بڑے ہسپتالوں میں ہیلی پیڈ بنائے جائیں تاکہ کسی بھی ناگہانی آفت اور بڑے کی حادثے کی صورت میں مریضوں کو بروقت ہسپتال منتقل کر کے ابتدائی طبی امداد سمیت علاج شروع کیا جاسکے، نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مذکورہ تجویز پر ایک ماہ میں فزیبلٹی تیار کرنے کی بھی ہدایت کی ہے،
جبکہ ہیلی سروس شروع کرنے کیلئے نجی، فلاحی اداروں سے مشاورت بھی کی جائے گی، واضح رہے کہ پنجاب ریسکیو ایمرجنسی سروس 1122سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کے دور میں شروع کی گئی تھی، پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122شروع کرنے کا فیصلہ 2004ء میں کیا گیا تھا جس کا 2006ء میں پنجاب اسمبلی سے باقاعدہ قانون منظور کروایا گیا، پنجاب ایمرجنسی سروس شہروں سمیت دیہی علاقوں میں خوب پسند کی گئی اور اسے حکومت کا عوام دوست اقدام قرار دیا گیا، کسی بھی حادثے کی صورت میں کہیں بھی کوئی شخص 1122پر کال کر کے اپنی مدد کیلئے ریسکیو سروس کو بلا سکتا ہے جو آتے ہی مریض کو ابتدائی طبی امداد دے کر قریبی ہسپتال منتقل کردیتی ہے، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے دور میں ریسکیو 1122کومتعدد بارمشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا، ایک وقت ایسا بھی آیا جب ریسکیو 1122نے مخیر حضرات سے مدد اور تعاون کی اپیل کیلئے بینرز بھی آویزاں کر دئیے تھے،جس کے منظر عام پر آتے ہی پنجاب حکومت نے اپنی سبکی کے ڈر سے ان کی تردید کر دی تھی، وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے مریضوں کو علاج کی فراہمی کیلئے ہیلی کاپٹر سروس فراہمی شروع کرنے پر شہریوں نے کہا کہ یہ ایک اچھا اقدام ہے مگر وزیر اعلیٰ پنجاب اور حکومت کو چاہے کہ وہ دیہی علاقوں اور چھوٹے شہروں میں واقع ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں کی حالت زار پر توجہ دے تاکہ ان لوگوں کو علاج کی فراہمی کیلئے بڑے شہروں کے دھکے نہ کھانا پڑیں،شہریوں نے کہا کہ چھوٹے شہروں میں واقع سرکاری ہسپتالوں کی حالت اس قدر ابتر ہے ک نہ تو وہاں مریض کو دوائی ملتی ہے اور نہ کوئی ڈاکٹر میسر ہوتا، تاہم ہیلی کاپٹر سروس شروع کرنے کے منصوبے بارے ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ اسے مستقبل میں حکومت چلاے گی یا پھر فلاحی اداروں کی مدد سے اسے چلایا جائے گا۔

تازہ ترین خبریں