06:59 am
حکومت عمران خان کی نہیں، جن کی ہے انہوں نے نواز شریف کو جانے کی اجازت دی

حکومت عمران خان کی نہیں، جن کی ہے انہوں نے نواز شریف کو جانے کی اجازت دی

06:59 am

اسلام آباد  : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے جمیعت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مولانا عطا ء الرحمان نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ حکومت پاکستان تحریک انصاف کی یا عمران خان کی نہیں ہے۔ حکومت جن کی ہے وہ باقاعدہ طور پر نواز شریف کو باہر جانے کی اجازت دے چکے ہیں۔ نواز شریف کی صحت پر معاملات طے ہوئے ہیں۔
 
نواز شریف کی صحت جہاں اپنی پارٹی کے لیے اہم ہے وہیں ملک و قوم کے لیے بھی ضروری ہے اُس پر سیاست نہیں ہونی چاہئیے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو اجازت انہوں نے نہیں دی ، جن کی حکومت ہے انہوں نے اجازت دی ہے اب حکومت ویسے ہی کوشش کر رہی ہے اور کہہ رہی ہے کہ ہم نے اجازت دی ہے۔ یہ نظریہ ضرورت کے تحت دی گئی ہے، جبکہ حکومت یہ کہہ کر صرف اپنا بھرم رکھ رہی ہے اور ابھی بھی یہ لوگ یہی کوشش کر رہے ہیں کہ حکومت کا بھرم رکھا جائے۔واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو طبی بنیادوں پر ضمانت دی گئی تھی جس کے بعد وہ کوٹ لکھپت جیل سے اپنی رہائش گاہ جاتی امرا منتقل ہو گئے تھے جہاں ان کے لیے خصوصی طور پر میڈیکل یونٹ تشکیل دیا گیا تھا۔ لیکن سابق وزیراعظم نواز شریف کی طبیعت میں بدستور خرابی کے پیش نظر موجودہ حکومت نے انہیں علاج کی غرض سے بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی تھی۔جس کے بعد سے ہی سیاسی حلقوں میں ڈیل اور ڈھیل کی باتیں ہونے لگیں اور یہی کہا جا رہا تھا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو ڈیل کے تحت ہی باہر جانے کی اجازت دی گئی ہے جبکہ مسلم لیگ ن اور شریف خاندان کے ذرائع نے ایسی تمام قیاس آرائیوں کو مسترد کر دیا تھا۔

تازہ ترین خبریں