08:11 am
 میٹرو سٹیشنز سےتمام وائی فائی ڈیوائسز اتار لی گئیں ، حکومتی احکامات پر انٹرنیٹ بند کیا

میٹرو سٹیشنز سےتمام وائی فائی ڈیوائسز اتار لی گئیں ، حکومتی احکامات پر انٹرنیٹ بند کیا

08:11 am

لاہور (نیوز ڈیسک ) پنجاب حکومت نے مفت انٹرنیٹ وائی فائی کی سہولیات بھی چھیننا شروع کر دیں ، پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی جانب سے شہر میں مختلف مقامات پر مفت انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کی گئی تھی تاکہ لوگ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کر سکیں مگر بزدار سرکار نے پہلے یہ سہولت بند کی اور اب میٹرو سٹیشنز پر دی گئی انٹرنیٹ کی سہولت بھی چھین لی ہے ۔ ذرائع کے مطابق ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں وائی فائی بند کرنے سے متعلق یہ انوکھی منطق پیش کی گئی کہ خرچہ بہت ہوتا ہے ، وائی فائی کی سہولت نہیں دے سکتے تو اس بنا پر میٹرو سٹیشنز پر دی گئی سہولت ختم کر دی گئی ۔ ذرائع کے مطابق موجودہ حکومت میں اسی میٹرو بس منصوبے کو دی جانے والی سہولیات بھی واپس لی جارہی ہیں ،
بزدار سرکار نے میٹرو بس منصوبے کی مرمت اور بحالی کیلئے رکھے گئے فنڈز پر کٹ لگایا جس کی وجہ سے میٹرو سٹیشنز اور ٹریک کی حالت زار خراب ہوگئی ، پھر آمدن میں اضافے کے نام پر میٹرو بس کا کرایہ بیس روپے سے بڑھا کر تیس روپے کر دیا گیا اور اب پنجاب حکومت نے خزانہ بچانے کیلئے میٹرو بس کے تمام سٹیشنز پر وائی فائی کی سہولت ختم کر دی ہے ،میٹرو سٹیشنز سے وائی فائی کی تمام ڈیوائسز اتار لی گئی ہیں ، میٹرو بس کے سٹیشنز پر موجود کیمرے اور کمپیوٹرز بھی اسی انٹرنیٹ سے منسلک تھے ۔بس میں سفر کرنیوالے طلبہ کا کہنا تھا حکومت نے کرایہ تو بڑھا دیا ہے مگر سہولیات میں کمی ہوتی جارہی ہے ۔ دوسری جانب دیگر ملکوں میں چلنے والی میٹرو بس اور ٹرام سے مواز نہ کیا جائے تو دبئی، چنائے ، لندن اور استنبول میٹرو سٹیشنزپر وائی فائی کی سہولت موجود ہے ، اس حوالے سے جی ایم آپریشنز ماس ٹرانزٹ اتھارٹی عزیر شاہ کا کہنا تھا حکومت کے احکامات کی روشنی میں وائی فائی بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

تازہ ترین خبریں