02:40 pm
تین بار کے وزیر اعظم کی زندگی کو خطرے میں ڈال کرانتقامی سیاست کی گئی، رانا تنویر

تین بار کے وزیر اعظم کی زندگی کو خطرے میں ڈال کرانتقامی سیاست کی گئی، رانا تنویر

02:40 pm

مریدکے(آن لائن) قومی اسمبلی میں ڈپٹی اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ اقتدار کے نشے میں دھت کم ظرف حکمرانوںنے ملک کے تین بار منتخب ہونے والے وزیر اعظم کی زندگی کو خطرے میں ڈال کر انتقامی سیاست کی انتہا کر دی ہے مگر عوام کی دعاؤں اور آزاد عدلیہ نے ان کا مکرہ چہرہ بے نقاب کرکے انہیں منہ چھپانے کے قابل نہیں چھوڑا۔ رانا فارم ہاؤس پرسابق ایم این اے رانا افضال حسین، سابق وائس چیئرمین بلدیہ مریدکے رانا ماجد نواز،
کوارڈی نیٹر ملک ندیم چوہان، سید اعجاز الحسن شیرازی کے ہمراہ کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے کہا کہ انصاف کے نام پر قوم کو دھوکہ دینے والے عمران خان اور اس کے ٹولے کو عوام کسی صورت معاف نہیںکریں گے اور اپنے ووٹ کی طاقت سے ملکی ترقی کا پہیہ جام کرنے والے حکمرانوں کو تاریخی سبق سکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیر اعظم کی نا اہل ٹیم نے ملکی معیشت کو تباہ کرکے رکھ دیا اور سرمایہ کاری کو جام کرکے رکھ دیا ہے جس سے ملکی قرضوںکا حجم کئی گنابڑھ چکا ہے اور آنے والوںحکومتوںکو بجٹ خسارہ کم کرنے کے لیے سخت محنت کرناپڑے گی۔ حکومت کے وزراء خود اس بات کا اقرار کر رہے ہیں کہ ہماری حکومت نے بہت محنت کرکے ملکی معیشت کو ترقی کی طرف گامزن کیا اور توانائی کے شعبے کو ترقی دے کر ملک کو گھپ اندھیروں سے نکالا تھا۔22گھنٹے تک کی لوڈ شیڈنگ کا عذاب برداشت کرنے والے شہری اب24گھنٹے بجلی سے مستفید ہو رہے ہیں۔ جھوٹے حکمرانوںنے اداروں کو کھوکھلا کرکے رکھ دیا ہے اور ہلال احمر ، پاکستان کرکٹ بورڈ جیسے اداروں کو بھی اقربا ء پروری کی بھینٹ چڑھا دیا گیا ہے۔ دوسروں پر کیچر اچھالنے والے وزیر اعظم نے ہر ادارے میں امپورٹڈ دوست تعینات کرکے انہیں لوٹ کا مال سمجھ رکھا ہے لیکن انہیں یاد رکھنا چاہیے کہ ان کا وقت حساب بہت قریب ہے۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ ڈیڑھ سال کا عرصہ گزرنے کے با وجود جعلی حکومتی ماہرین نے ہمارے منصوبوں کو کاپی پیسٹ کرکے جاری رکھا ہے جبکہ کسی ایک میگا پراجیکٹ کی بنیاد بھی نہیں رکھی جا سکی۔ ایک ایک پیسے اور ایک ایک منٹ کا حساب نکالنے والوں کے کیلکو لیٹر اب خراب ہو چکے ہیں مگر ان کے سیاہ کارنامے ہارڈ ڈسک پر سیو ہو رہے ہیں جو بہت جلد عوام کے سامنے آئیں گے۔ انہوںنے کہا کہ حکمرانوں کے جھوٹ کی ہنڈیا بیچ چوراہے میں پھوٹ چکی ہے اور اب ان کا زوال تیزی سے شروع ہو چکا ہے۔ ،مہنگائی کے حوالے سے انہوںنے کہا کہ کاغذی عوامی لیڈروں نے عوام سے دو وقت کی روٹی بھی چھین لی ہے اور اگر یہ حکومت پانچ سال تک قابض رہی تو عام آدمی کو قبر کاملنا بھی مشکل ہو جائے گا۔

تازہ ترین خبریں