03:18 pm
امید ہے نواز شریف بسیار خوری سے پرہیز کریں گے: فیاض الحسن چوہان

امید ہے نواز شریف بسیار خوری سے پرہیز کریں گے: فیاض الحسن چوہان

03:18 pm

لاہور (آن لائن) میاں نواز شریف نے شدید بیماری کی حالت میں سیدھا ہسپتال جانا مناسب نہ سمجھا۔ وہ پہلے قطر گئے اور وہاں سے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس تشریف لے گئے۔ میاں نواز شریف کی حالت جتنی تشویشناک قوم کو بتائی گئی اور جس علاج کے لیے وہ لندن گئے، چاہیے تو یہ تھا کہ وہ سیدھا ہسپتال جاتے لیکن انہوں نے لندن میں اسی گھر میں جانا مناسب سمجھا جس کی وجہ سے وہ پاکستان
اور اپنے گھر سے دربدر ہوئے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر برائے کالونیز فیاض الحسن چوہان نے اسمبلی کے باہر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایون فیلڈ اپارٹمنٹس 1993 میں موٹر وے کے ٹھیکوں سے حاصل کیے گئے کک بیکس کا نتیجہ ہیں۔ ڈاکٹر عدنان اور شہباز شریف سے درخواست ہے کہ وہ نواز شریف کو خلیفے کی خطائی اور دوسری تلی ہوئی چیزوں سے دور رکھیں۔ فیاض الحسن چوہان نے شہباز شریف اور ڈاکٹر عدنان کو ایک دفعہ پھر مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ نواز شریف کو بسیار خوری سے جتنا باز رکھیں گے، اتنا جلدی وہ صحت یاب ہو کر احتساب کے لیے پاکستان واپس آ سکیں گے۔ این آر او ماضی میں دیا گیا جس میں کرپشن زدہ لوگوں کو دوبارہ سیٹیں ملیں لیکن اب ایسا نہیں ہو گا۔بلاول زرداری سن لو عمران خان 70 سال کے بعد بھی جوان ہیں لیکن آپ 28 سال کے ہیں اور لوگ آپ کی جوانی پر شک کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے شریف برادران کو ایک کاغذ کا ٹکڑا کہا تھا لیکن یہ بیوقوف ہیں اورعدالتوں میں اپنے آپ کو گروی رکھا لیا اور عدالتوں کے حکم کے پابند ہوگئے ہیں۔پی ٹی آئی کبھی بھی عدالتوں کے فیصلوں پر تنقید نہیں کرتی اور عدالتوں کا احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین نیب درست کہہ رہے ہیں احتساب کا کدو کٹے گا سب میں بٹے گا پی ٹی آئی کے کارکنوں کے خلاف بھی نیب کارروائیاں کررہا ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت کی کمزوری ہے کہ ہم قیمتوں پر فوری قابو نہیں پا سکے، انڈیا سے تجارت بین ہونے کی وجہ سے قیمتوں میں زیادہ اضافہ ہو۔ تین سالوں کا ڈیٹا اٹھا لیا جائے تو پتہ چلتا ہے کہ سال کے آخری تین مہینوں میں قیمتیں بڑھ جاتی تھیں۔دریں اثناء صوبائی وزیرِ کالونیز فیاض الحسن چوہان نے معروف گلوکار شوکت علی کی عیادت کی اور ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ اس موقع پر اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ شوکت علی ایک عہد ساز گلوکار اور ہمارا قومی اثاثہ ہیں۔ انہوں نے ایم ایس سروسز ہسپتال کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ شوکت علی صاحب کے علاج کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ دعا ہے اللہ تعالیٰ شوکت علی صاحب کو جلد رو بہ صحت کرے۔ شوکت علی جگر کے عارضے میں مبتلا ہیں اور سروسز ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔

تازہ ترین خبریں