09:03 am
کراچی سے اغوا کی گئی دعا منگی گھرواپس پہنچ گئی

کراچی سے اغوا کی گئی دعا منگی گھرواپس پہنچ گئی

09:03 am


کراچی: کراچی سے اغوا کی گئی لڑکی دعا منگی گھر پہنچ گئی۔تفصیلات کے مطابق ایک ہفتہ قبل کراچی کے پوش علاقے ڈیفینس سے اغوا ہونے والی لڑکی اپنے گھر پہنچ گئی ہے۔دعا منگی کے اہل خانہ بیٹی کے حوالے سے کچھ بھی بتانے سے گریز کر رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق دعا منگی گذشتہ شب گھر پہنچی،اس حوالے سے مزید تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئیں۔
 
خیال رہے کہ کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس سے 5 روز قبل فائرنگ کے بعد اغوا کی گئی طالبہ دعا منگی کی رہائی کے لیے ملزمان نے ڈھائی لاکھ ڈالرز تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔ذرائع کے مطابق اغوا کار دعا منگی کے اہل خانہ سے انٹرنیٹ کے ذریعے واٹس ایپ پر رابطہ کیا تھا اور 3 روز کے دوران واٹس ایپ پر تین مرتبہ کال کی۔ ذرائع نے بتایا کہ اغواکاروں کی جانب سے آخری رابطہ بدھ کی دوپہر 2 بج کر 20 منٹ پر کیا گیا تھا اور وہ دعا منگی کی رہائی کے لیے ڈھائی لاکھ ڈالرز کی ادائیگی کے مطالبے پر بضد تھے۔ ذرائع کے مطابق سندھ پولیس کے مختلف شعبوں کے ساتھ ملکی حساس ادارے بھی ملزمان کے سراغ میں مصروف رہے۔دو روز قبل دعا منگی کے ماموں اعجاز منگی نے بتایا کہ گھر والے بہت تشویش میں مبتلا ہیں،انہوں نے کہا کہ بسمہ کے اغوا کار گرفتار ہو چکے ہوتے تو شاید دعا اغوا نہ ہوتی، اندازہ ہوا ہے کہ دعا کا اغوا بسمہ کے اغوا کا تسلسل ہے۔19 سالہ طالبہ دعا منگی کو 30 نومبر کی رات 10 بجے ڈیفنس فیز 6 کے علاقے بڑا بخاری کے ریسٹورنٹ کے باہر سے اغوا کیا گیا تھا اور ان کے ساتھی حارث سومرو کو گولی مار کر زخمی کر دیا تھا۔ دعا منگی کی بازیابی کے لیے تین تلوار پر مظاہرے بھی کیے گئے جس میں دعا کے اہل خانہ، تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی، ایم کیو ایم تنظیمی بحالی کمیٹی کے سربراہ فاروق ستار اور سماجی رہنما جبران ناصر سمیت دیگر سیاسی و سماجی رہنما شریک ہوئے تھے۔ احتجاجی مظاہرے میں شریک دعا کی بہن لیلیٰ منگی کا کہنا تھا کہ واقعے کے بعد سے گھر والے صدمے کی کیفیت میں ہیں، انہوں نے حکام سے مطالبہ کیا کہ ان کی بہن کو جلد ازجلد بازیاب کرایا جائے۔تاہم گذشتہ شب دعا منگی خود ہی گھر پہنچ گئی۔

تازہ ترین خبریں