01:07 pm
جو سہولیات نواز شریف کو دیں وہی آصف زرداری کو دی جائیں،سابق صدر کی حمایت میں بڑی شخصیت میدان میں آگئی

جو سہولیات نواز شریف کو دیں وہی آصف زرداری کو دی جائیں،سابق صدر کی حمایت میں بڑی شخصیت میدان میں آگئی

01:07 pm

کوٹ لانگو(نیوز ڈیسک)سابق وزیر خزانہ میر خالد خان لانگو نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کو انسانی ہمدردی کے تحت علاج معالجے کیلئے کراچی منتقل کیا جائے اور ان کو علاج معالجے سمیت وہ تمام سہولیات فراہم کی جائیں
جو سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کو دی گئی ہیں۔یہ بات اُنہوں نے کوٹ لانگو میں صحافیوں کے ایک گروپ سے بات چیت کرتے ہوئے کہی سابق وزیر خزانہ میر خالد لانگو نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری مرد آہن ہیں اور اُن کی طبیعت انتہائی ناساز ہے طبیعت کی ناسازی کے باوجود ابھی تک اُنہوں نے حکومت سے اپنے علاج معالجے کیلئے کوئی ریلیف نہیں مانگا لیکن ہم سمجھتے ہیں کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ انسانی ہمدری کے تحت اُنہیں علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ کراچی (سندھ) منتقل کرے تاکہ وہ اپنی منشاء کے مطابق بااعتماد ڈاکٹروں سے اپنا علاج کرواسکیں۔حکومت کووہی رویہ آصف علی زرداری کے ساتھ اپنانا چاہیے جس طرح کا اس نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے علاج معالجے کے حوالے سے اپنایا ہے ۔یقیناً حکومت کے اس مثبت رویئے سے اُن عناصر کے منفی پروپیگنڈے کو بھی زائل کرنے میں مدد ملے گی جو کہ فیڈریشن کو تقسیم کرنے کی سازشوں میں ہمیشہ پیش پیش رہے ہیں۔اور آج بھی وہ پنجاب ، سندھ ، کے پی کے اور بلوچستان کے درمیان نفرتیں پھیلانے کیلئے سرگرم ہیں۔اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ حکومت آصف علی زرداری کے علاج معالجے اور انہیں اس مقصد کیلئے کراچی (سندھ) منتقل کرنے کیلئے نہ صرف ہمدردانہ غور کرے گی بلکہ اس بات کو یقینی بنانے کیلئے عملی اقدامات اُٹھائے گی اور فیڈریشن کے درمیان نفرت و تعصب کے تاثر کو ختم کرکے ایک اچھا اور مثبت پیغام 22 کروڑ عوام کو دے گی جس سے نہ صرف فیڈریشن کو مضبوط کرنے میں مدد ملے گی بلکہ ملک کے سیاسی ماحول میں اس وقت جو کھنچائو ہے اس میں بھی بتدریج بہتری آئے گی۔