02:34 pm
پریڈی پولیس کے کرونا وائرس کی روک تھام کیلئے  وزیراعلیٰ کے احکامات نظرانداز

پریڈی پولیس کے کرونا وائرس کی روک تھام کیلئے وزیراعلیٰ کے احکامات نظرانداز

02:34 pm

کراچی(  آن لائن ) پریڈی تھانے کی پولیس نے وزیر اعلی سندھ کی جانب سے کرونا وائرس کی روک تھام کیلئے کیے گئے سخت احکامات کو پیروں تلے روند دیا ،ایمپریس مارکیٹ سے ملحقہ فائر بریگیڈ اسٹیشن والی گلی میں سینکڑوں ٹھیلوں و پتھاروں پر سینکڑوں افراد کا ایک ہی وقت میں رش نے شہر کے کروڑوں افراد کی 
زندگیوں کو دائو پر لگا دیا گیا،علاقہ مکینوں نے وزیر اعلی اور آئی جی سندھ سے کارروائی کا مطالبہ کردیا۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے کرونا وائرس کی روک تھام کیلئے کئے جانے والے اقدامات کی جہاں کراچی شہر سمیت صوبے بھر میں تعریفیں کی جارہی ہیں وہیں وزیراعلیٰ کے سخت احکامات کو پریڈی پولیس نے پیروں تلے روندتے ہوئے کمائی کا ذریعہ بنا لیا ہے ۔شہر بھر میں دکانیں،مارکیٹیں اور بڑے شاپنگ سینٹر،ریسٹورنٹس،چائے خانے بند ہیں لیکن ایمپریس مارکیٹ سے ملحقہ فائربریگیڈ اسٹیشن والی گلی فروٹس کے ٹھیلوں اورپتھاروں سے بھری پڑی ہے جہاں خریداری کے لیے آنے والے افراد کا ہجوم موجود ہے ،یہ ہجوم کرونا وائرس پھیلانے کا سبب بن سکتا ہے،مذکورہ صورتحال کے باعث علاقہ مکینوں میں شدید بے چینی و اشتعال پایا جاتا ہے ،جنھوں نے اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علاقہ پولیس کی نااہلی کے باعث لاکھوں مکینوں سمیت کروڑوں شہریوں کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہو چکے ہیں جبکہ شہر بھر کے بازاروں و مارکیٹوں کے بندش کے بعد یومیہ ہزاروں افراد پھل فروٹ کی خریداری کے لیے صدر فائر بریگیڈ اسٹیشن سے ملحقہ گلی کا رخ کر رہے ہیں۔ علاقہ مکینوں کا مزید کہنا تھا کہ اس خوفناک صورتحال کی وجہ سے بڑے پیمانے پر کرونا وائرس پھیل سکتا ہے،انھوں نے وزیر اعلی سندھ اور آئی جی سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ پریڈی تھانے میں تعینات بدعنوان اور ناااہل پولیس افسران کو ملازمت سے فوری برطرف کیا جائے اور صدر فائر بریگیڈ اسٹیشن سے ملحقہ گلی میں قائم سیکڑوں تجاوزات کو ختم کیا جائے، بصورت دیگر شدید احتجاج کیا جائے گا

تازہ ترین خبریں