03:40 pm
بگٹی سٹیڈیم کی رونقیں کرکٹ میلے سے جلد بحال ہونے والی ہیں

بگٹی سٹیڈیم کی رونقیں کرکٹ میلے سے جلد بحال ہونے والی ہیں

03:40 pm

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) دہشتگردی کی وجہ سے کئی دہائیوں سے ویران پاکستانی کرکٹ سٹیڈیم بین الاقوامی میچوں کی میزبانی کےلئے تیار کیا جا رہا ہے۔وزیر اعظم کی جانب سے متعارف کیا جانے والا نیافرسٹ کلاس کرکٹ ماڈل بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے بگٹی سٹیڈیم میں بھی کرکٹ سرگرمیوں کا باعث بنے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی ) وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کو عملی شکل دیتے ہوئے
ڈومیسٹک ڈھانچے کو نئی شکل میں لارہا ہے۔ چاروں صوبوں کی ایک ایک، وفاقی دارالحکومت اور گلگت بلتستان، آزاد کشمیر کی ایک ایک ٹیم ہوگی۔حیران کن طور پر کراچی کے ساتھ سندھ بھر کی ایک ٹیم ہوگی، ہر ٹیم اپنے شہر میں ہوم میچ کھیلے گی،بلوچستان کی ٹیم اپنے ہوم میچ بگٹی سٹیڈیم ،کوئٹہ میں کھیلے گی۔ اس طرح ملک کے ایک اور فرسٹ کلاس سینٹر میں فرسٹ کلاس میچوں کا دوبارہ انعقاد ہوسکے گا۔بلوچستان میں جاری دہشت گردی کی وجہ سے بگٹی سٹیڈیم ، کوئٹہ میں فرسٹ کلاس میچوں کی سرگرمیاں معطل تھیں تاہم پی سی بی اس وقت بگٹی سٹیڈیم کو پرانی شکل میں لانے کے لئے محنت کررہا ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ حکام چاہتے ہیں کہ بلوچستان میں انٹرنیشنل میچوں کا سلسلہ بھی شروع ہو۔ توقع ہے کہ پی سی بی آئین میں ترمیم کے بعد ستمبر میں قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ شروع ہوگا۔اگر آئین میں ترمیم تاخیر کا شکار ہوگئی تو پہلے انڈر 19 میچز اور پھر قائد اعظم ٹرافی کو شروع کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق بلوچستان حکومت کی خواہش ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا ایک میچ بھی ہوم سٹیڈیم میں کروایا جائے ۔