09:58 am
پاکستان ٹیم کیلئے میری خدمات حاضر ہیں ،سابق ٹیسٹ کرکٹر سعید اجمل کاقومی ٹیم کے بولنگ کوچ بننے میں دلچسپی

پاکستان ٹیم کیلئے میری خدمات حاضر ہیں ،سابق ٹیسٹ کرکٹر سعید اجمل کاقومی ٹیم کے بولنگ کوچ بننے میں دلچسپی

09:58 am

لاہور(این این آئی)سابق ٹیسٹ کرکٹر سعید اجمل نے قومی ٹیم کے بولنگ کوچ بننے میں دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم کے لیے میری خدمات حاضر ہیں، خواہش ہے کہ اپنے تجربے سے قومی ٹیم کی کامیابیوں میں بطور کوچ بھی کردار ادا کرسکوں۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سعید اجمل نے کہا کہ انگلینڈ اور پی سی بی کے لیول ٹو کوچنگ کورس پاس کرچکا ہوں، اب اپریل میں لیول تھری کورس میں شرکت کروں گا۔ ان دنوں اپنی اکیڈمی میں 200 زیادہ بچوں کی کوچنگ کررہاہوں۔ میری رائے میں قومی ٹیم کے لیے ملکی کوچز
 
زیادہ بہتر ثابت ہوسکتے ہیں۔قومی ٹیم کے کپتان کی تبدیلی کے سوال پر سعید اجمل کا موقف تھا کہ اگر کپتان کی تبدیلی ضرور ی ہے تو پھر میرے نزدیک ٹیسٹ اور ون ڈے کے لیے بابر اعظم بہترین چوائس ہوسکتے ہیں، کپتان بناتے وقت صرف پرفارمنس کو ذہن میں رکھنا چاہیے، اس وقت بابر اعظم واحد کھلاڑی ہیں جو تینوں فارمیٹ میں شاندار پرفارمنس دے رہے ہیں، اگر کپتان پرفارمر ہوگا تو دوسرے لڑکوں کوبھی تحریک ملے گی کہ وہ بھی اچھے کھیل کا مظاہرہ کریں گے۔ یہ نہیں سوچنا چاہیے کہ کون انگلش زیادہ اچھی بولتا ہے، فٹ بال سمیت کئی کھیلوں میں کھلاڑی اپنی مادری زبان میں بات کرتے ہیں،وقت کے ساتھ انسان سب سیکھ جاتاہے۔سعید اجمل نے ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے آغاز کو سراہتے ہوئے کہا کہ لوگ ٹیسٹ کرکٹ سے دور ہوتے جارہے تھے اور اس لحاظ سے یہ بہترین اقدام ہے ۔خاص طورپر پر ایشیائی ممالک میں کھیل کو فروغ ملے گا اور نوجوانوں کی اس میں دلچسپی بھی بڑھے گی۔ انہوں نے محمدعامر کے ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہنے کوپاکستان کرکٹ کے لیے جھٹکا قرار دیتے ہوئے کہا اتنی جلدی ایک اہم باولر کی محرومی سے ٹیم کی پرفارمنس متاثر ہوگی۔

تازہ ترین خبریں