08:23 am
وزیراعظم چین میں، نئے معاہدے!

وزیراعظم چین میں، نئے معاہدے!

08:23 am

٭وزیراعظم عمران خان چین میں، معاہدےO بنگلہ دیش: وزیراعظم حسینہ واجد دہلی میں معاہدے O چین کے صدر کا دورہ بھارت ملتویO لنگرسکیم: محنت کئے بغیر کھانا O دھرنا،لاک ڈائون نہیں، صرف آزادی مارچ ہو گا۔اکرم درانی (جے یو آئی) اکرم درانی غلط کہہ رہا ہے سب کچھ ہو گا۔ عطاء الرحمان (جے یو آئی) O سی پیک اتھارٹی کا قیام O کوہاٹ: استادوں کو سلام کیا جائے، ڈی پی او واحد محمودO کرکٹ: لاہور، 5 روز سے’’ کرفیو‘‘ شرمناک شکستیںO کنٹرول لائن کے پاس ہزاروں افراد کا دھرناO ابا کا علاج ورنہ حکومت ختم، بلاول ، O  …27 اکتوبر سے پہلے گرفتاریاں!
٭وزیراعظم پاکستان عمران خان نے چین میں چینی وزیراعظم کے ساتھ امداد و تعاون کے متعدد معاہدوں پر دستخط کئے ہیں۔ چین کے ساتھ پاکستان کے ماضی اور حال میں بے شمار معاہدے ہو چکے ہیں، مزید ہوتے جا رہے ہیں۔ ابھی پچھلے دنوں ایک بڑا چینی وفد اسلام آباد میںبہت سے معاہدے کر کے گیا ہے۔ ہرمعاہدہ سود کے ساتھ قرضہ کے طور پر ہوتا ہے۔ چینی معاہدے جس طرح پاکستان کی معیشت پر چھا گئے ہیں، اس سے مجھے مغل بادشاہ شاہ جہاں کی بیٹی کا علاج کرنے والے انگریز ڈاکٹر کو تجارت کی اجازت اور پھر ایسٹ انڈیا کمپنی کے بنگال کے حکمرانوں کے ساتھ معاہدے یاد آ جاتے ہیں! خدا خیر کرے!
  اب دوسری طرف چلیں۔ بھارت کا وزیراعظم نریندر مودی کچھ مدت پہلے ڈھاکہ گیا، وزیراعظم حسینہ واجد کے ساتھ متعدد معاشی معاہدے کئے ان سے بنگلہ دیش کی مارکیٹوں پر بھارت کا کنٹرول اور زیادہ مضبوط ہو گیا۔ گزشتہ روز حسینہ واجد نے دہلی میں نریندر مودی کے ساتھ سات معاہدے کئے ان کے ذریعے تعمیر و اضافہ کے نام پر بنگلہ دیش کی تین بندرگاہوں وغیرہ کا کنٹرول اسی طرح حاصل کر لیا جس طرح وہ حسینہ واجد کے والد شیخ مجیب الرحمان کے ساتھ معاہدہ کر کے بنگلہ دیش کے دفاع اور خارجہ امور کی نگرانی کا کنٹرول حاصل کر چکا ہے، سکم  پر قبضہ اور بھوٹان کے خارجہ و داخلہ امور پر کنٹرول کر کے اسے اپنا مطیع بنا چکا ہے۔ ایران کی بندرگاہ چاہ بہار مکمل طور پر اس کے کنٹرول میں آ چکی ہے اور پاکستان کے ساتھ شملہ معاہدہ کے ذریعے کشمیر کا مسئلہ ہمیشہ کے لئے ٹھپ کر چکا ہے۔ کوئی سرکاری ترجمان بتا سکتا ہے، چین کے پاکستان کے ساتھ اب تک کتنے معاہدے ہو چکے ہیں؟
٭میں ٹیلی ویژن اور اخبارات میں ایک تصویر دیکھ رہا ہوں۔ وزیراعظم پاکستان ایک غریب شخص کو لنگر کے نام پر سالن کی ایک پلیٹ پکڑا رہے ہیں۔ اس موقع پر نمایاں فوٹو سیشن ہو رہا ہے۔ اس غریب شخص کے غربت زدہ چہرے کے ساتھ وزیراعظم کا چہرہ بھی نمایاں کیا گیا ہے۔ اس موقع پر ایک بھرپور ماڈرن، فیشن زدہ خاتون، چند باریش اور دوسرے افراد یہ تماشا دیکھ رہے ہیں اور ایک دوسرے سے آگے بڑھ کر تصویریں بنوا رہے ہیں۔ میرے خدا! اسلامی جمہوریہ نام کی ایک ریاست میں غربت کی یہ تذلیل! میں بچپن سے پڑھتا آیا ہوں کہ کسی کی اس طرح مدد کرو کہ بائیں ہاتھ کو دائیں ہاتھ کی مدد کی خبر نہ ہونے پائے! ویسے لنگر! کام اور روزگار کی بجائے قوم کو کسی بھوکا رکھ کر محنت کے بغیر روٹی حاصل کرنے کی قطاروں میں لگا دیا جائے! فردوس عاشق اعوان کہہ رہی ہیں کہ کھانا کھلانا انبیا ءؑکی سنت ہے۔ اس خاتون کی بات کو کیا اہمیت دوں؟ عمران خان کے کام کو انبیاؑ کرام سے جا ملایا؟ اور یہ تو بتائو بی بی! کبھی اپنی جیب سے کسی غریب شخص کو کھانا کھلایا؟ کبھی خاموشی سے کسی بیوہ کے گھر جا کر اس کی دادرسی کی؟
٭لاہور پانچ روز سے کرکٹ کے نام پر کرفیو اور اس کے باعث مسلسل سڑکوں پر ٹریفک جام رہنے کے عذاب میں مبتلا ہے۔ پانچ روز سے سری لنکا کی ٹیم کی سکیورٹی کے نام پر کرکٹ سٹیڈیم کے اردگرد تین تین کلو میٹر کے دائرے میں سڑکیں مکمل طور پر بند ہیں۔ گزشتہ روز مجھے نہر کنارے ایک ہسپتال میں ایک عزیز کی عیادت کیلئے جانا تھا، تقریباً دو کلو میٹر کا فاصلہ تھا، چار پانچ کلو میٹر کے چکروں کے بعد ہسپتال پہنچا! واپسی پر بھی یہی حال تھا۔ اور یہ سارا تماشا تین کرکٹ میچوں کے لئے لگایا گیا ہے۔ 19 ہزار پولیس اہلکاروں نے پورے علاقے کو گھیر رکھا ہے اس علاقے میں موبائل فون بند کر دیئے گئے ہیں۔ ایمبولینسیں بھی نہیں گزر سکتیں۔ تماشائیوںکو دو دو کلو میٹر دور اتار دیا جاتا ہے۔ شہر کی چلنے والی 68 بسیں ان تماشائیو ںکو سٹیڈیم تک لاتی لے جاتی ہیں۔ اس سارے کھٹراک پر کروڑوں کا سرمایہ خرچ ہوا ہے۔ صرف پولیس کے کھانے اور خیموںکی فیس ساڑھے تین کروڑروپے ادا ہوئی ہے۔ اس سارے ناٹک کا حاصل؟ سری لنکا کے ہاتھوں لگاتار عبرت ناک، شرم ناک ذلت آمیز شکستیں! 30 لاکھ روپے ماہوار والے سابق ٹِک ٹِک کپتان مصباح الحق کا نافذ کردہ دو کھلاڑی عمر اکمل دونوں اننگز میں پہلے بال پر صفر سکور پرآئوٹ، دوسرا ’بڑا‘ کھلاڑی احمد شہزاد! دونوں اننگز میں کل 17 سکور! پوری ٹیم: دونوں اننگز میں 15 کھلاڑی ڈبل کا ہندسہ کراس نہ کر سکے! سری لنکا کو پہلی بار پاکستان کی ٹیم کو کے اپنے ہی گھر میں ایسی کامیابی حاصل! ستم یہ کہ ٹیم کا کپتان سرفراز میرا ہم نام ہے۔ شکستیں وہ کھاتا ہے، احباب میرے ساتھ افسوس کرنے لگتے ہیں۔ ملک انتہائی بدحالی کا شکار ہے اور کرکٹ کی نام نہاد تفریح کے نام پر قومی خزانہ کے کروڑوں ضائع کئے جا رہے ہیں اور حاصل ذلت آمیز شکستیں! ایک دل جلے قاری نے اپیل کی ہے کہ پاکستان میں دس سال کے لئے کرکٹ پر پابندی لگا دی جائے! دوسرے کا مشورہ ہے کہ کرکٹ سٹیڈیم کو لاہور شہر سے 15,10 میل دور باہر لے جایا جائے!
٭ایک مختلف خبر: امریکہ کی بحریہ کے علم میں آیا کہ بحریہ کے جوان کسی وجہ سے رات کو اچھی نیند نہیں سو رہے، دوائیں بھی اثر نہیں کرتیں۔ اس پر نفسیاتی ماہرین نے تمام لوگوں، خاص طور پر فوجی جوانوں کو مشورہ دیا کہ رات کو بستر پر سیدھے لیٹ کر دونوں پائوں ملا لیں، جسم کو ڈھیلا چھوڑ دیں۔ دونوں بازو جسم کے ساتھ لگا لیں اور آنکھیں بند کر کے کسی حسین منظر کو ذہن میں لائیں، نیند آ جائے گی۔ مجھے یہ مشورہ اچھا لگا۔ گزشتہ رات بستر پر سیدھا لیٹ گیا۔ آنکھیں بند کیں اور پورا جسم ڈھیلا چھوڑ کر کسی حسین منظر کو سامنے لانے کی کوشش کی، ذہن میں فوراً مائوتھ واش کا لوشن، ادرک اور لہسن گھس آئے۔ مائوتھ واش (منہ کے اندر جراثیم کش لوشن) کچھ عرصہ پہلے 85 روپے کا لایا تھا، اس بار 185 روپے کا ملا ادرک 350 روپے کلو، انڈے 80 روپے کی بجائے 116 روپے درجن، مونگ کی دال 100 روپے کلو اضافہ ، پہلے والی نیند بھی اڑ گئی، میں اٹھ کر بیٹھ گیا!
٭کوہاٹ: ڈی پی او واحد محمود نے ماتحت پولیس کو ہدایت کی ہے کہ اساتذہ کو سلام کیا کریں انہیں عزت مآب کہہ کر بات کریں۔ ڈی پی او کو شائد علم نہیں کہ آج کل وائس چانسلروں کو گرفتار کرنے کا رواج بڑھ رہا ہے۔ اب تک سندھ، پنجاب، خیبر پختونخوا سے چار وائس چانسلر گرفتار کئے جا چکے ہیں۔ شائد کوہاٹ میں کوئی یونیورسٹی نہیں!
٭ایک سرکاری یونیورسٹی میں ایم اے جرنلزم کے تیسرے سمیسٹر میں زیر تعلیم ایک ضرورت مند بچی، سر پر باپ نہیں، کسی طرح دو سمیسٹروں کی فیس ادا کی۔ اب دو سمیسٹر باقی ہیں۔ ان کی مجموعی فیس 70 ہزار روپے (فی سمیسٹر 35 ہزار روپے) بنتی ہے۔ بچی کے پاس فیس ادا کرنے کے وسائل نہیں۔ بہت پریشان ہے۔ اسے قرض حسنہ کے طور پر فوری طور پر 35 ہزار روپے کی ضرورت ہے۔ میں اس کے حالات کو ذاتی طور پر جانتا ہوں میرے نمبر 03334148962 کے ذریعے اس کی مدد کی جا سکتی ہے۔
 

تازہ ترین خبریں