12:26 pm
آٹا مفت، پٹرول سستا، انتخابات غائب!

آٹا مفت، پٹرول سستا، انتخابات غائب!

12:26 pm

٭…موٹر سائیکل رکشہ اور چھوٹی گاڑی کے لئے پٹرول 50 روپے لِٹر سَستا، ابھی صرف اعلان!!O عمران خان کے خلاف لاہور تین، اسلام آباد میں دو نئے مقدمے، سنچری مکمل ہو گئیO پی ٹی آئی کی اسلام آباد میں مبینہ کروڑوں کی توڑ پھوڑ، جواب میں لاہور پولیس کا عمران خان کے مکان پر حملہ، دروازہ، دیواریں توڑ کر پورا گھر لوٹ لیاO اسلام آباد: پی ٹی آئی کے 102 قائدین اور اہلکاروں کے خلاف دہشت گردی کے مقدمے، امجد نیازی سمیت 66 اہلکار جیل میںO مفت آٹا، عوام اُمڈ پڑے، آٹے کا ٹرک لوٹ لیا۔ فیصل آباد، لاہور و دوسرے مقامات پر مفت آٹے کی قطاروں میں جھگڑے، ڈجکوٹ میں متعدد خواتین زخمی ہو گئیںO عمران خان کا بدھ (کل) مینار پاکستان پر جلسے کا اعلانO عمران کا بار بار بیان ’’مجھے جیل بھیج دیا جائے گا، مجھے قتل کر دیا جائے گا‘‘ O پی ٹی آئی کے خلاف اسلام آباد کے تھانوں میں 10 دفعات کے تحت، لاہور میں 13 دفعات کے تحت مقدمے، قتل، دہشت گردی، ڈاکہ، توڑ پھوڑ، کارسرکار میں مداخلت، آتش زنی، پتھرائو وغیرہ کے جرائم کا حوالہ O فیصل آباد، لیڈی ڈاکٹر یورپ کی سَیر پر، فیصل آباد میں 148 جعلی حاضریاں، 6 لاکھ 6 ہزار روپے تنخواہ بھی وصول کر لیO الیکشن نہیں ہو سکتے: رانا ثناء اللہ O پولیس نے لاہور میں مشہور نیازی بَس اڈا بند کر دیاO اعجاز الحق تحریک انصاف کے ساتھ اتحاد O میں ناراض رہنمائوں کو منائوں گا: چودھری شجاعت حسینO کرونا پھر نازل، پاکستان میں 103 نئے مریض، 12 کی حالت نازک، جاپان میں 34، روس میں 33، تائیوان 43 ہلاکتیں O لندن، خالصتان کے حامی سکھ نوجوانوں نے بھارت کے ہائی کمیشن پر بھارتی جھنڈا اتار کر خالصتان کا جھنڈا لہرا دیا، بھارت کا شدید احتجاجO پیرس: خاکروبوں کی ہڑتال، 10 ہزار ٹن کوڑا جمع، بدبو پھیل گئی۔
٭…ملک میں سیاست کے نام پر اتنا فساد پھیل گیا، اتنی گھنائونی، خطرناک، شرم ناک خبریں پھیل رہی ہیں، اتنا انتشار، اتنی سخت کشیدگی، الامان، کچھ لکھنے کو جی نہیں کرتا مگر لکھنا تو ہے۔ یوں لگتا ہے کہ ملک پر بدخصلت چوہے ناچ رہے ہیں، ملک تباہی کے آخری کنارے پر پہنچ گیا ہے، آئی ایم ایف، سعودی عرب وغیرہ نے مزید امداد (قرضے) دینے سے ٹال مٹول شروع کر دی ہے۔ چین نے سرکاری قرضے کی بجائے بنکوں سے قرضے شروع کرا دیئے ہیں تا کہ عدم ادائیگی پر عالمی عدالت سے رجوع کیا جا سکے! ملک میں مختلف سیاسی پارٹیوں کا ہر رہنما پریس کانفرنس لئے بیٹھا ہے۔ روزانہ مختلف رہنمائوں کی آٹھ دس پریس کانفرنسیں عام ہو گئی ہیں۔ چند بسکٹ چائے کی چند پیالیاں بار بار پرانی باتیں اور پریس کانفرنس! اور ایک دوسرے کے خلاف منافرت کا نتیجہ کہ پنجاب اور پختونخوا کے مجوزہ انتخابات غائب!! ٭…عمران خان نے پہلے اتوار 19مارچ کو لاہور میں مینار پاکستان پر جلسے کا اعلان کیا اس پیر پر ملتوی کر دیا۔ مزید ملتوی کر کے بدھ کو اسی جگہ جلسے کا اعلان کیا ہے۔ شہر کی انتظامیہ نے اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے اس پر پی ٹی آئی ہائی کورٹ چلی گئی ہے۔ عمران خان نے اعلان کیا کہ اس کے خلاف 96 مقدمے درج ہو چکے ہیں (اب100 ہو گئے) مگر انہیں خود اندازہ نہیں کہ صحیح تعداد کیا ہے؟ اور کون کون سا مقدمہ کہاں کہاں دائر کیا گیا ہے؟ ہائی کورٹ نے اس کی اپیل پر صوبائی انتظامیہ سے تفصیل طلب کی ہے۔ تعداد 100 نہ سہی، 50 سے تو بہر حال زیادہ ہو گی مگر یہ پہلی بار اس طرح ہوا ہے کہ اسلام آباد میں مقدموں میں 10 اور لاہور میں 13 دفعات لگائی گئی، اسلام آباد کی عدالت نے حیرت کا اظہار کیا ہے کہ ان دفعات میں ڈاکہ زنی بھی شامل ہے!؟ ٭…مقدموں کی تفصیل آتی رہے گی۔ مختصر روداد یہ کہ عمران خان نے تین پیشیوں میں حاضر نہ ہونے پر بالآخر بلاضمانت وارنٹ گرفتاری پر اسلام آباد کی عدالت میں پیش ہونے کا فیصلہ کیا اور تحریک انصاف کے کارکنوں کو ساتھ چلنے کی کال دے دی۔ یوں ایک بھاری لشکر کے ساتھ اسلام آباد گئے۔ وہاں پولیس نے ان لوگوں پر آنسو گیس اور لاٹھی چارج کیا ان ’مجاہدین‘ نے مبینہ طور پر پولیس کی ڈیڑھ کروڑ روپے کی تین گاڑیاں تباہ کر دیں، ایک گاڑی دو موٹر سائیکل جلا دیئے، عدالت کا گیٹ توڑ دیا۔ قیدیوں کی ویگن کے شیشے توڑ دیئے اور پولیس پر پتھرائو کیا، (پتھر کہاں سے آ جاتے ہیں؟!!)، ایک لینڈ کروزر میں موجود سگنل جام کرنے کی مشینری تباہ کر دی وغیرہ وغیرہ!! ٭…اس ’بہادرانہ‘ جرأت مندی‘‘ کے جواب میں لاہور پولیس نے عمران خان کے اسلام آباد روانہ ہوتے ہی زمان پارک میں نہر کنارے عمران خان کی رہائش گاہ پر ہلّہ بول دیا۔ مکان کی سکیورٹی پر مامور افراد پر آنسو گیس پھینکی، لاٹھی چارج کیا، مکان کے باہر سڑک پر لگائے ہوئے خیمے اور سائبان تباہ کر دیئے، بہت سے کارکن گرفتار کرنے کے بعد کرین کے ساتھ عمران خان کے گھر کا مین گیٹ اور دیواریں توڑ دیں۔ پولیس کا دعویٰ تھا کہ اس کے پاس تلاشی لینے کا عدالتی اجازت نامہ موجود ہے مگر یہ اجازت کسی کو دکھایا نہیں۔ پولیس اندر گئی۔ ایک کمرے میں عمران خان کی اہلیہ اکیلی بیٹھی تھیں، اس کمرے کو چھوڑ کر باقی کمروں کی ’بھرپور‘ تلاشی لی اور اعلان کیا کہ عمران خان کے گھر سے 18 رائفلیں، شراب کی بوتلیں، دو پستول اور دوسری چیزیں قبضہ میں لی ہیں۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ گھر کو پولیس نے مکمل طور پر لوٹ لیا، ان کے کپڑوں کے آٹھ جوڑے، کف لِنک دوسرا قیمتی آرائشی و زیر استعمال قیمتی سامان، کھانے پینے کی ساری چیزیں لے گئے۔ بعد میں پولیس نے 18 رائفلوں کی جگہ آٹھ رائفلیں کر دیں مگر خلاف معمول انہیں کسی کو دکھایا نہیں۔ پولیس نے عمران خان کے خانساماں اور دو دوسرے ملازمین کو پکڑ کر انہیں بھی دہشت گرد قرار دے دیا۔ ٭…اور اب انتخابات! پختونخوا کے گورنر نے پہلے تو انتخابات کی تاریخ کا اعلان ہی نہیںکیا، بہت شور شرابا ہوا تو 28 مئی کی تاریخ دے دی اَب یوٹرن لے لیا ہے کہ امن امان کی موجودہ صورت حال میں انتخابات کیسے ہو سکتے ہیں؟ اس کے ساتھ سوتے جاگتے، ہر وقت فساد پر آمادہ وزیر داخلہ نے صاف گوئی سے موجودہ حالات میں انتخابات ناممکن قرار دیئے ہیں۔ رانا ثناء اللہ اور گورنر پختونخوا سے جو بھی اختلافات ہوں مگر ان دونوں کا تجزیہ درست ہے کہ ان دونوں صوبوں کی موجودہ شدید کشیدگی کے ماحول میں انتخابات ناممکن ہیں۔ مجھے تو یہ کشیدگی ختم ہونے کی بجائے مزید بڑھتی دکھائی دے رہی ہے۔ انتخابات تو بعد کی بات ہیں، ایک دوسرے کے خلاف منافرت اتنی بڑھ چکی ہے، ایک دوسرے کی دشمن مختلف پارٹیوں انتخابی مہم میں ایک دوسرے سے جس طرح گتھم گتھا ہوں گی، اسے سوچ کر ہی ہول آتا ہے۔ ایک بار لکھ چکا ہوں کہ ضیاء الحق نے 90 دنوں میں انتخابات کا وعدہ کر کے خود انتخابی جلسوں میں ایک جیسی حجامت والوں سے جس طرح ہنگامے اور خونریزی شروع کروا دی تھی اور پھر انتخابات ناممکن قرار دے دیئے تھے۔ اب بھی ایسا ہو سکتا ہے۔ حکومت خاص منصوبے کے ساتھ دنگا فساد کرا رہی ہے اور تماشا یہ کہ بار بار انتخابات کرانے کے مطالبوں والی پی ٹی آئی حکومت سے بھی دنگا فساد میں آگے جا رہی ہے۔ اس وقت پی ٹی آئی کے تمام قائدین اور سینکڑوں کارکنوں کے خلاف 10 بلکہ 13 جرائم کے مقدمے قائم ہو چکے ہیں۔ بہت سے افراد قید میں جا چکے ہیں۔ باقی تمام رہنمائوں، شاہ محمود قریشی، اسد عمر، شفقت محمود، حماد اظہر وغیرہ تمام رہنمائوں کے نام گرفتار ہونے والوں کی فہرست میں شامل ہیں خاص طور پر پی ٹی آئی کے انتخابی امیدوار نشانے پر ہیں۔ یہ لوگ جیلوں میں بند رہیں گے۔ انتخابات ہوں گے تو میدان خالی ہو گا اور اس میں ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے بُھوت ناچیں گے! ایسا ہوا تو پی ٹی آئی الیکشن کے نتائج تسلیم نہیں کرے گی اور بالفرض پی ٹی آئی جیت گئی تو پی ڈی ایم نتائج تسلیم کرنے سے انکار کر دے گی۔ وفاقی حکومت پہلے ہی الیکشن کے لئے فنڈز دینے سے انکار کر رہی ہے۔ عدلیہ عدالتی عملہ نہیں دے رہی، پولیس کے پاس نفری نہیں، اور فوج سرحدوں کے علاوہ وزیرستان میں اہم سرگرمیوں میں مصروف ہے۔ ٭…ویسے عمران خان صاحب! جلد انتخابات کا مطالبہ کرتے کرتے 11 ماہ گزر گئے۔ اب اکتوبر میں عام انتخابات میں صرف 6 مہینے باقی رہ گئے ہیں۔ چھ مہینے اور انتظار کر لیں، کیا فرق پڑے گا؟ ہاں یہ سوال اہم ہے کہ آپ کی پارٹی کے برسراقتدار آتے ہی ملک کے زرمبادلہ کے خالی ذخائر کیسے بھر جائیں گے؟ اربوں کھربوں کے قرضے کس طرح اُتر جائیں گے؟ تباہ حال معیشت کیسے بحال ہو جائے گی؟ اور…اور شدید مہنگائی اور روپیہ کی بدحالی فوری طور پر کس طرح ختم کریں گے؟ آپ کے پاس یہ سوچنے کی اہلیت اور ضرورت ہی نہیں!! کام کیسے چلے گا؟


تازہ ترین خبریں

نئی حلقہ بندیاں اور ردوبدل مسترد، اے این پی کا عدالت جانے کا اعلان

نئی حلقہ بندیاں اور ردوبدل مسترد، اے این پی کا عدالت جانے کا اعلان

بلوچستان کے حالات خراب کرنے میں بھارت ملوث ہے،غفورحیدری

بلوچستان کے حالات خراب کرنے میں بھارت ملوث ہے،غفورحیدری

امریکی   موقف میں  تبدیلی نہیں آئی،پاکستان  منصفانہ الیکشن کی حمایت   کرتے ہیں ، میتھیو ملر

امریکی موقف میں تبدیلی نہیں آئی،پاکستان منصفانہ الیکشن کی حمایت کرتے ہیں ، میتھیو ملر

استور ضمنی الیکشن  ،پی ٹی آئی کے خورشید خان نے میدان مار لیا

استور ضمنی الیکشن ،پی ٹی آئی کے خورشید خان نے میدان مار لیا

فل کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیخلاف  سماعت  3 اکتوبر کو ہوگی

فل کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیخلاف سماعت 3 اکتوبر کو ہوگی

پنجاب میں آشوب چشم کا وائرس آؤٹ آف کنٹرول ، لاکھوں متاثر

پنجاب میں آشوب چشم کا وائرس آؤٹ آف کنٹرول ، لاکھوں متاثر

عید میلاد النبی کی اصل خوشی نبی کریم ﷺ کی سنت پر عمل کرنے میں ہے، محسن نقوی

عید میلاد النبی کی اصل خوشی نبی کریم ﷺ کی سنت پر عمل کرنے میں ہے، محسن نقوی

ہنگو کی نماز جمعہ کے دوران مسجد میں دھماکا، متعدد افراد زخمی

ہنگو کی نماز جمعہ کے دوران مسجد میں دھماکا، متعدد افراد زخمی

مستونگ  دھماکا ، کتنے افراد شہید اورکتنے زخمی ہو گئے؟؟؟  تمام تازہ ترین تفصیلات جانیں خبر

مستونگ دھماکا ، کتنے افراد شہید اورکتنے زخمی ہو گئے؟؟؟ تمام تازہ ترین تفصیلات جانیں خبر

چھ ملکی وویمن فٹ بال ٹورنامنٹ،پاکستان نےلاؤس کو ہرا کرپانچویں پوزیشن حاصل کرلی

چھ ملکی وویمن فٹ بال ٹورنامنٹ،پاکستان نےلاؤس کو ہرا کرپانچویں پوزیشن حاصل کرلی

اے این ایف کی  کارروائیاں،2 من سے زائد منشیات برآمد

اے این ایف کی کارروائیاں،2 من سے زائد منشیات برآمد

ملکی  زرمبادلہ کے  ذخائر 13 ارب 16 کروڑ  ڈالر  رہ  گئے

ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 13 ارب 16 کروڑ ڈالر رہ گئے

صدر مملکت   اور نگران وزیراعظم  کی جشن میلاد نبی ؐ پر  امت مسلمہ کو مبارکباد

صدر مملکت اور نگران وزیراعظم کی جشن میلاد نبی ؐ پر امت مسلمہ کو مبارکباد

ملک بھر میں جشن عید میلاد النبی مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے ،وفاقی دارلحکومت میں 31  توپوں کی سلامی

ملک بھر میں جشن عید میلاد النبی مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے ،وفاقی دارلحکومت میں 31 توپوں کی سلامی