بھارت اور کشمیر میں مسلمانوں کی دربدری
28 days ago.
بھارت کی جن ریاستوں میں بی جے پی کی حکومت ہے وہاں مسلمان خاندانوں کو بے گھر کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ حکومتی موقف کے مطابق یہ لوگ ناجائز قابضین ہیں۔ اس لئے ان کا قبضہ ختم کروایا جارہا ہے جب کہ حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے۔ بھارتی ریاست اترا کھنڈ میں ریاستی ہائی کورٹ نے بھی ظلم میں شریک ہوتے ہوئے یکطرفہ فیصلہ جاری کیا، جس کے مطابق وہاں تقریبا ساڑھے چار ہزار مسلمانوں کے گھروں کو گرانے اور ان خاندانوں کو بے گھر کرنے پر عمل شروع کیا گیا۔ان مسلمان خاندانوں کا موقف ہے کہ وہ یہاں ستر سال سے بھی زیادہ عرصہ سے رہائش پذیر ہیں۔ انہوں نے قیمت ادا کرکے یہ زمینیں خریدی ہیں اور پھر ان پر گھر تعمیر کئے ہیں۔ ان کے پاس ان زمینوں کی باقاعدہ رجسٹریاں اور قانونی کاغذات موجود ہیں لیکن عدالت میں ان کی کوئی شنوائی نہیں ہوئی اور عدالت نے بے انصافی پر مبنی فیصلہ دیتے ہوئے حکومت کو ہمارے ذاتی اور قانونی گھر گرانے کی اجازت دے دی۔ یہ بھی واضح رہے کہ جن ریاستوں میں مسلمانوں کے گھر گرا کر انہیں بے گھر کرنے کا عمل شروع کیا گیا وہاں ہندوئوں کے گھر بھی ہیں لیکن ان کو مسمار نہیں کیا جارہا۔